Aaj Logo

شائع 10 فروری 2024 11:59am

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فردِ جرم عائد نہ ہوسکی۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی کے 15 فروری تک ملتوی کردی گئی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر چھٹی پر ہیں جس کے بعد عدالتی عملہ اڈیالہ جیل میں تاریخ ڈال کر واپس روانہ ہوگیا۔

اس سے قبل یکم فروری کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدم دستیابی کے باعث بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190ملین پاونڈز ریفرنس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 10 فروری تک ملتوی کر دی گئی تھی۔

جمعرات کو سماعت کے موقع پر ملزمان پر فردِ جرم عائد کی جانی تھی تاہم فاضل جج محمد بشیر کی عدم دستیابی کے باعث سماعت 10 فروری تک ملتوی کر دی گئی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دو دنوں میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں 10، 10 سال قید اور توشہ خانہ نیب ریفرنس میں احتساب عدالت عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 14، 14 سال قید کی سزا سنا چکی ہے۔

دونوں کیسز کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہی ہوئی تھی۔

Read Comments