پاک فوج کی جانب سے پرامن اور تشدد فری عام انتخابات کے انعقاد پر پوری قوم کو دلی مبارک باد پیش کی گئی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ عوام کے لیے محفوظ و پرامن ماحول یقینی بنایا گیا۔
پاکستان میں عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے حوالے سے پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر نے اعلامیہ جاری کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مقدس انتخابی عمل کے انعقاد کے لیے سکیورٹی فراہم کرنے کے اہم کردار پر مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فخر ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ایک لاکھ 37 ہزار فوجی اہلکاروں کی سول آرمڈ فورسز کے ہمراہ تعیناتی سے عوام کے لیے محفوظ و پرامن ماحول یقینی بنایا گیا۔
واضح رہے کہ ملک میں آج عام انتخابات کا انعقاد کیا گیا۔ پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کیا گیا تھا۔ جن پولنگ اسٹیشنز پر ووٹوں کی گنتی مکمل ہورہی ہے وہاں کے غیرحتمی غیر سرکاری نتائج سامنے آرہے ہیں۔
عام انتخابات کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا بھی اہم بیان سامنے آیا۔ ان کا کہنا ہے کہ الیکشن سو فیصد شفاف اور پرامن ہوئے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ نے کہا کہ پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔
انھوں نے کہا کہ کسی شہری کو ووٹ کاسٹ کرنے سے نہیں روکا گیا۔
سکندر سلطان راجہ نے مزید کہا کہ اگر دوپہر دو بجے تک وقت بڑھانے کا کہا جاتا ہے تو وقت بڑھایا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گجرات کے تین پولنگ اسٹیشنز میں وقت بڑھایا، وہاں کے متعلقہ آراوز نے وقت بڑھانے کی درخواست کی تھی۔