نگراں وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا فیروز جمال شاہ نے کہا ہے کہ اگر کوئی حکومت کی رٹ چینلج کرنے کا سوچ رہا ہے تو سخت ایکشن لیا جائیگا۔ جہاں ضرورت پیش آئی وہاں انٹرنیٹ بند کرسکتے ہیں۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیروز جمال شاہ نے کہا کہ 9 مئی میں جو ہوا اسے میں بغاوت سمجھتا ہوں، ریاست کے خلاف بچوں کو ورغلایا گیا اور اس کے بعد بچوں کو لاوراث چھوڑ دیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ کسی کو امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، نفرت اور بغاوت کی اس فضا کو اب ختم کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ مکمل بندش کا فیصلہ وفاقی حکومت کریگی۔ فی الحال مکمل طور پر انٹرنیٹ بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، جہاں ہمیں بندش کی ضرورت پڑی تو متعلقہ اداروں کو آگاہ کرکے بند کرسکتے ہیں۔
الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ عام انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں، محکمہ داخلہ، الیکشن کمیشن اور پولیس نے اپنے اپنے کنٹرول سینٹرز قائم کئے ہیں۔
فیروز جمال نے بتایا کہ کیو آر ایف فورس بھی تیار ہے، ضرورت کی صورت میں فوری رسپانس کرینگے۔ 15 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، سب کو انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی درخواست ہے۔