پیپلزپارٹی کے رہنماء اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات ہوئے تو پیپلزپارٹی اکثریت حاصل کرے گی، ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ لیں گے۔
آج نیوز کی خصوصی الیکشن ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بلاول بھٹو تعمیر اور ترقی کا منشور لے کر آئے ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے پورے ملک میں انتخابی مہم چلائی۔
کراچی کی بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ شہر میں بہتری کی بہت گنجائش ہے، صرف تنقید کرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے، کام کرنے سے مسائل حل ہوتے ہیں۔
شہر قائد میں گزشتہ دونوں ہونے والی بارش پر بات کرتے ہوئے میئر نے کہا کہ کراچی میں 35 منٹ میں ریکارڈ بارش ہوئی، کیا آفت آسانی سے کنٹرول کی جاتی ہے، بارش کے دوران انتظامیہ سڑکوں پر موجود تھی، بارش کے 2 دن بعد چیئرمین پیپلزپارٹی نے ریلی بھی نکالی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ چند گھنٹے بعد ہی کراچی کی سڑکوں سے پانی نکال دیا گیا تھا، مصطفی کمال کے دور میں کراچی زیادہ دن کیلئے بند ہوا تھا اور ان کے دور میں زیادہ اموات ہوئی تھیں۔