عام انتخابات میں خواتین کے 5 فیصد کوٹہ پر عملدرآمد سے متعلق کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا۔
عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن کو کل بروز بدھ تک جواب جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کو خواتین کی پانچ فیصد کوٹہ سے متعلق درخواست جلد نمٹانے کا حکم دیا جائے۔
نعیم احمد مرزا کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوٹسز جاری کردیے۔
یاد رہے کہ تین روز قبل عورت فاؤنڈیشن نے بھی چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر شکایت درج کروائی تھی کہ قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے متعدد بڑی جماعتیں خواتین کو جنرل نشستوں پر 5 فیصد ٹکٹ دینے میں ناکام رہی ہیں۔
خط میں لکھا گیا تھا کہ قومی اسمبلی جنرل نشست پر ایم کیو ایم نے 9.6، مسلم لیگ ن نے 7.8 فیصد نشستیں خواتین کو دیں۔
مزید کہا گیا تھا کہ پیپلز پارٹی نے 4.5، جماعت اسلامی نے 4.4، اے این پی نے 3.3 فیصد نشستیں خواتین کو دیں۔
اس کے علاوہ خط میں مزید لکھا گیا تھا کہ بی این پی اور جے یو آئی ایف نے صفر فیصد نشست پر خواتین کو ٹکٹ دیے۔
خط کے مطابق اگر جماعتیں 5 فیصد ٹکٹ خواتین کو نہیں دیتیں تو وہ انتخابی نشان کے لیے اہل نہیں رہتی۔