سری لنکا کی حکومت نے بیرونی ترسیلاتِ زر کے لیے اپنی کرنسی روپیہ کی زرِ مبادلہ میں تبدیلی کے حوالے سے چند پابندیاں نرم کی ہیں۔
حکومت کا یہ فیصلہ اس بات کی علامت ہے کہ سنگین ترین مالیاتی اور معاشی بحران کے بعد اب سری لنکن معیشت بحالی کی طرف گامزن ہے۔
حکومت نے اس حوالے سے تیار کی جانے والی ہدایات پارلیمںٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات کابینہ کے ترجمان بندولا گناوردھنے نے منگل کو بتائی۔
سری لنکا کے مرکزی بینک نے 2020 کے وسط سے سری لنکن باشندوں کی کی غیر ملکی سرمایہ کاری پر منافع کی ترسیلات معطل کردی تھیں۔
گناوردھنے نے میڈیا کو بتایا کہ زرِ مبادلہ کے ذخائر بتدریج بہتر ہو رہے ہیں۔ مرکزی بینک کی ہدایات کے تحت پابندیاں مزید نرم کی جائیں گی۔