ملک بھر میں 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے پر امن انعقاد کے لیے پاک فوج کے دستے پنجاب بھر سے مختلف اضلاع میں الیکشن ڈیوٹی کے لیے روانہ ہوگئے۔
عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے پاک فوج کے چاق و چوبند دستے لاہور، ملتان، اوکاڑہ، بہالپور اور گوجرانوالہ گیریژن سے پنجاب کے دیگر اضلاع میں الیکشن سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے روانہ ہوئے۔
فوجی دستوں کی تعیناتی کا مقصد عام انتخابات کے دوران سول حکومت کی معاونت کرتے ہوئے انتخابی عمل کی شفافیت اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانا ہے۔
فوجی اہلکار پولنگ اسٹیشنز کے باہر سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے تھرڈ ٹیئر پر سیکیورٹی کے لئے تعینات ہوں گے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بروقت نمٹا جائے۔
پولنگ کے دوران پولیس فرسٹ ٹیئر جبکہ سول آرمڈ فورسز سیکنڈ ٹیئر سیکیورٹی مہیا کریں گی۔
خیال رہے کہ نگراں وفاقی کابینہ نے عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دی ہے، الیکشن والے روز امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلی لیئر پولیس کی ہو گی، دوسری لیئر رینجرز جبکہ تیسری لیئر میں پاک فوج ہو گی۔