آج کے دور میں طلاق لینا آسان ہے، شادی شدہ زندگی کو بچانے کے لیے آخری حد تک کوشش نہیں کی جاتی، اداکارہ جگن کاظم کا موقف سوشل میڈیا پر وائرل۔
اکثر سوشل میڈیا پر مشہور اداکاروں کی جانب سے کیا جانے والا تبصرہ سوشل میڈیا صارفین کو بھا جاتا ہے، جبکہ کچھ کو ایک آنکھ بھی نہیں بھاتا۔
تاہم اداکارہ جگن کاظم کا موقف ضرور معاشرے کی ایک تلخ حقیقت کو عیاں کر رہا ہے۔
معاشرے میں ہونے والی طلاقوں اور دوسری شادی پر جگن کاظم کا کہنا تھا کہ کوئی بھی خاتون جو ماں ہے، وہ کبھی بھی دوبارہ ارینج میرج نہ کرے۔ دوسری شادی کرنے والی خاتون کو مرد سے ملاقات کرنی چاہیئے، اسے سمجھنا چاہیے، اور اپنے بچوں کو بھی اس فیصلے میں شامل کرنا چاہیے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہی کچھ میں نے اور فیصل نے بھی کیا اور ہمیں شادی کا فیصلہ کرنے میں 6 ماہ لگے تھے۔ جگن کاظم نے مزید بتایا کہ فیصل کے بچوں کو بھی اس رشتے کو اپنانے میں وقت لگا تھا مگر اب صورتحال بہت اچھی ہے۔
معاشرے میں طلاق کے بڑھتے کیسز سے متعلق اداکارہ کا موقف تھا کہ میں خود بھی طلاق یافتہ ہوں اور اس عمل سے گزری ہوں، یہ لمحات انسان کو اندر سے توڑ دیتے ہیں۔
جگن کاظم کا کہنا تھا کہ لوگوں کو طلاق کو بدنام نہیں کرنا چاہیے، مگر آج کل لوگ آسان طریقے اپنا رہے ہیں اور یہی کچھ والدین بھی بچوں کو نصیحت کر رہے ہیں۔
دوسری جانب اداکارہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہم سفر کو اپنا رشتہ بچانے کے لیے آخری کوشش تک کرنی چاہیے، جو کہ آج کے وقت میں نظر نہیں آ رہا ہے۔