پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے نوجوان ہمارے ساتھ ہیں، مجھ میں بھی نوجوان والا جذبہ ہے۔
قصور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ آج تو کھڈیاں خاص میں جشن کا سماں ہے، جلسہ گاہ سے باہر بھی جلسہ گاہ ہے، یہاں بھی عوام کا پہاڑ ہے اور باہر بھی مجمع ہے، میں آپ کے جذبات پر قربان ہوں۔
نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف کے منتخب ہونے کے بعد کھڈیاں کی تقدیر بدلنے والی ہے، شہباز شریف کھڈیاں سے آج ہی وعدہ کریں کہ کیا دے رہے ہیں، شہباز شریف سے کہتا ہوں کہ کھڈیاں کی تقدیر بدلنی چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میری حکومت ختم نہ ہوتی تو کوئی بےروزگار نہ ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پھر ترقی کی دوڑ میں شامل ہونا ہے، ایشیئن ٹائیگر بننا ہے، ہم نفرت اور جلاؤ گھیراؤ کا باب بند کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کھڈیاں میں دانش اسکول اور سڑکیں بنانے کا وعدہ کریں، کھڈیاں کا راستہ موٹروے سے کم نہیں ہونا چاہئے، کھڈیاں کے نوجوانوں کو بھی یونیورسٹیاں ملنی چاہئیں۔
نواز شریف نے کہا کہ قصور کے نوجوانوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ ہونا چاہئے، شہباز شریف صاحب جلسہ گاہ کی جگہ پر اسٹیڈیم بننا چاہئے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قصور کے عوام نے اپنے ووٹوں مجھے کامیاب کروانا ہے، آپ نے مجھے کامیاب کروایا تو قصور کو لاہور بنائیں گے۔
قصور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف اپنے پہلے دور میں امن اور روشنیاں لے کر آئے۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین دھوکے اور جھوٹ کی سیاست کر رہے ہیں، ہم نواز شریف کی قیادت میں عوام کی خدمت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، ہمارا ہمسایہ ہماری طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، پورے ملک کے ترقیاتی کاموں پر نواز شریف کی تختیاں لگی ہیں، جس کے نام کی تختیاں تھیں اسی کا تختہ الٹ دیا گیا، نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹنا سازش تھی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سندھ کے اپنے مہربانوں سے کہتا ہوں کہ کراچی میں آپ کی کارکردگی سب نے دیکھ لی، نواز شریف کو چوتھی بار موقع ملا تو نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے نوجوانوں کو تربیتی تعلیمی دی جائے گی، نواز شریف ملک سے بےروزگاری ختم کرنا چاہتے ہیں، کوٹ رادھا کشن کو بھی یونیورسٹی، سڑکیں اور اسٹیڈیم ملنا چاہئے۔
نواز شریف نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ دھرنوں میں اور ہم ملک کی ترقی میں مصروف تھے، ہمارے دور میں ملنے والا 8 لاکھ کا ٹریکٹر 38 لاکھ کا ہوگیا ہے
انہوں نے کہا کہ کسانوں کو سولر سسٹم لگا کر دیں گے، نوجوانوں کو لیپ ٹاپ اور روزگار دیں گے، وہ کہتے تھے کہ عوام کو 50 لاکھ گھر دیں گے، عوام سے پوچھتا ہوں کہ کسی کو کوئی گھرملا، پوچھتا ہوں کہ کہاں گئیں ایک کروڑ نوکریاں، بلین ٹری منصوبہ کہاں گیا؟ کہاں گئے 350 ڈیم، کہیں نظر آتے ہیں؟انڈے، مرغیاں، کٹے کہاں گئے؟ سب فراڈ تھا، فراڈ لوگ ملک پر مسلط تھے ملک کا ستیا ناس کردیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہم نفرت اور جلاؤ گھیراؤ کا باب بند کردیں گے۔
قصور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ قصور والے نواز شریف سے عشق کرتے ہیں، قصور نے ہمیشہ نواز شریف کا مان رکھا، قصور نے کبھی نواز شریف کا پرچم گرنے نہیں دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے شہباز شریف کو الیکشن لڑنے کیلئے قصور بھیجا ہے، نواز شریف انتخابی مہم کا آخری جلسہ قصور میں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر سروے نے مخالفین کی جھوٹی مقبولیت کے پرخچے اڑا دیے، مسلم لیگ ن کی مقبولیت کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، کئی سال تک نواز شریف سے انتقام لیا گیا، کہا گیا نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ مخالفین کی تقریر بھی نواز شریف پر شروع اور ختم ہوتی ہے، کارکنان نے ظلم برداشت کیا اور نواز شریف کا سر جھکنے نہیں دیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میرا سیاسی جنم انتہائی مشکل سیاسی ماحول میں ہوا، والد کے سامنے گرفتار کرکے موت کی چکی میں چھوڑ دیا گیا، مخالفین نے اپنے جلسوں میں مجھ پر جملے کسے، ہم مخالفین پر ذاتی نوعیت کے حملے نہیں کیے، ہم نے ان کے ذاتی مقدمات کے فیصلوں پر بھی بات نہیں کی۔
پاکستان میں الیکشن کے دوران پابندیاں تشویش ناک ہیں،امریکا
الیکشن مہم کا آج آخری روز، بیلٹ پیپرز اور دیگر سامان کی ترسیلمکمل
مریم نواز نے کہا کہ آج کہتی ہوں ہم نفرت اور جلاؤ گھیراؤ کا باب بند کردیں گے، نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں ہمارا نوجوان تمیزدار ہو، ہم چاہتے ہیں نوجوانوں کو بہترین یونیورسٹیاں ملیں، چاہتے ہیں کہ ملک میں آئی ٹی ریوولیوشن ہو، ہم چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کو اچھی اور مفت تعلیم ملے، ہم چاہتے ہیں کہ خواتین اور مردوں کو یکساں مواقع ملیں اور خواتین کو مردوں کے بیچ میں دھکے نہ کھانے پڑیں.