بلوچستان کے علاقے مستونگ اور کراچی میں چوکی پر نامعلوم افراد نے پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی کیمپ پر دستی بموں سے حملہ کیا، جس میں تین بچے زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری طرف میر پور خاص میں فائرنگ کے واقعے میں پیپلزپارٹی امیدوار ذوالفقارعلی شاہ زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق پیپلز پارٹی کے مستونگ میں انتخابی کیمپ پر دستی بم سے حملہ کیا گیا جو باہر پھٹا، دستی بم سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حملہ آوروں نے پیپلز پارٹی کے امیدوار نور احمد کے الیکشن کیمپ پر بم پھینکا۔
حکام کے مطابق سکیورٹی گارڈز کی فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔
دوسری جانب حب میں پیپلز پارٹی کے انتخابی استقبالیہ کمیپ کے قریب دھماکا ہوا، جس میں 3 بچے زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
زخمی بچوں میں 10 سالہ زوہیب، 12 سالہ ثاقب اور 12 سالہ ساجد شامل ہیں۔
میرپورخاص میں پیپلزپارٹی کے امیدوار ذوالفقارعلی شاہ کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
فائرنگ کے واقعے میں پیپلزپارٹی امیدوار ذوالفقارعلی شاہ زخمی ہوگئے۔
گولی لگنے کے بعد ذوالفقار علی شاہ کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
خیال رہے کہ دو روز قبل بھی کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے انتخابی دفتر سے تھوڑے فاصلے پر دھماکا ہوا تھا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں پی کے 70 سے آزاد امیدوار نبیل آفریدی کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی۔
بلوچستان میں جمعہ کو بھی انتخابی مہم اور امیدوار دہشت گردوں کے نشانے پر رہے بم دھماکوں سمیت دہشت گردی کے سات واقعات ہوئے جن میں کم سے کم سات افراد زخمی ہوئے جبکہ دو بموں کو ناکارہ بنایا گیا۔