کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے دو سو بیالیس سے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوارارشد سہیل نے مصطفیٰ کمال کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ہے۔
رہنما ایم کیوایم مصطفیٰ کمال نے بلدیہ ٹاؤن میں عوامی نیشنل پارٹی کے دفتر کا دورہ کیا۔
مصطفیٰ کمال نے عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی عہدیداران سے ملاقات کی۔
اس موقع پر این اے دو سو بیالیس سے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوارارشد سہیل نے مصطفیٰ کمال کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔
جس پر مصطفیٰ کمال نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی سے ہمارا انتخابی اتحاد نہیں بلکہ اسٹریٹیجک اتحاد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی اور ایم کیو ایم کا اتحاد شہری سندھ میں امن و ترقی کا ضامن ہے۔
بلدیہ ٹاؤن میں ہی کارکنوں سے خطاب میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 75 سالہ تاریخ میں کسی حکومت نے کراچی میں کام نہیں کیا، فلسطین کی گلیاں کراچی کی گلیوں سے بہتر ہیں، یہ شہر بیمار ہوگیا، اس کو اچھے ڈاکٹر کی ضرورت ہے ، ہم سے اچھے ڈاکٹر اور کوئی نہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایک دفعہ سندھ ایم کیو ایم کے حوالے کرو، پیپلزپارٹی کراچی میں ایک ماڈل یوسی نہیں بناسکی، بلاول بھٹو نہیں کہہ سکتے کہ لاہور کو کراچی بنا دیں گے، پیپلزپارٹی نے 3 ماہ میں ہمارے 6 ساتھیوں کو قتل کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن مجھ پر ایک روپے کی چوری کا الزام نہیں لگا سکتا، آرام دے سیٹ چھوڑ کر اس ظلم کےخلاف ہم نے آواز اٹھائی، اے این پی کے کارکن ایم کیوایم کے اجتماع میں شریک ہیں۔ عوام سے کہتا ہوں 2 دن کیلئے ایم کیوایم کے کارکن بن جاؤ۔