وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مظفرآباد کا دورہ کیا۔ جس کے بعد آرمی چیف ، سریان سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھی گئے اور فرنٹ لائن پر تعینات فوجیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر جنرل عاصم منیر نے کہا کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور فوجی طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا، پاکستان اپنے شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنائے گا۔
وزیر اعظم پاکستان، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر اور آرمی چیف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت نے تسلیم کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی بے دریغ بربریت کے سامنے کشمیریوں کا حوصلہ، ثابت قدمی اور غیر متزلزل اعتماد مثالی ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑھتے ہوئے انسانی اور سلامتی کے بحران علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت غیر قانونی انتظامی اور یکطرفہ طور پر نافذ کردہ کالے قوانین اور سکیورٹی پابندیوں کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس طرح کی سازشیں کشمیری عوام کی اپنے جائز مقاصد کے حصول کی خواہش اور تڑپ کو دبا نہیں سکتیں۔
آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال اور اور آپریشنل تیاریوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
آرمی چیف نے فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی علاقائی خودمختاری کی خلاف ورزی یا جارحیت کا بھرپور قومی عزم اور فوجی طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔
آرمی چیف نے پاکستان میں بھارتی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا بھی ذکر کیا، جو اب ہماری سرزمین پر انفرادی پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانے تک پھیل چکی ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین اور بین الاقوامی نظام کے اصولوں کی اس طرح کی بے حسی معمول کی بات بنتی جا رہی ہے اور اب دنیا کے بہت سے ممالک بھارت کو کھلے عام پکار رہے ہیں اور اس کی جعلی ساکھ کو بے نقاب کر رہے ہیں۔ پاکستان اس طرح کی تمام کوششوں کو بے نقاب کرتا رہے گا اور اپنے شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنائے گا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاک فوج خطرے سے بخوبی واقف ہے اور موثر جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
قبل ازیں کور کمانڈر راولپنڈی نے آرمی چیف کا استقبال کیا تھا۔