سابق سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعیم خالد لودھی کا کہنا ہے کہ آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات کے نتیجے میں آںے والی حکومت صرف ڈیڑھ سال چلے گی۔
جنرل (ر) نعیم خالد لودھی نے ایک صحافی کے ساتھ ویڈیو کال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میری نظر میں الیکشن تو ہوچکا، اب تو اس میں آپ نے بس ایک عمل سے گزرنا ہے، ریت پوری کرنی ہے، پاور انہی کے پاس رہے گی جن کے پاس آج ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اگر خیبرپختونخوا مینیج نہ ہوا تو بعد میں ہوسکتا ہے وہاں پر گورنر راج لگ جائے، پنجاب میں لگ رہا ہے کہ ”ن“ آئے گی، سندھ میں پیپلز پارٹی آئے گی، وہاں (بلوچستان) میں باپ (بلوچستان عوامی پارٹی) ہوگی‘۔
جنرل (ر) نعیم خالد لودھی نے کہا کہ ’میری گارنٹی ہے آنے والی حکومت ڈیڑھ سال میں لپیٹ دی جائے گی‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ والے انتخابات تو ہوچکے، اب دوسرے اصلی انتخابات جو ہوں گے وہ کروانے پڑیں گے کبھی نہ کبھی، اس کے بعد ایک اچھی فضا اس لیے آئے گی کہ پھر یقین آجائے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’میں فوج کا بڑا ہوں، میری بات اگر چھوٹے نہیں مان رہے تو کوئی بات نہیں، میں کہتا ہوں آگ میں ہاتھ ڈالیں گے تو جل جائے گا، وہ کہتے ہیں نہیں اس دفعہ نہیں جلے گا تو ٹھیک ہے ڈال کر دیکھ لیں میں پیچھے ہٹ جاتا ہوں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ڈیڑھ سال کے اندر اندر یہ سارا سائیکل کمپلیٹ ہوجائے گا، لوگوں کو بھی پتا چل جائے گا، فوج کو بھی پتا چل جائے گا، سیاستدانوں کو بھی پتا چل جائے گا کون کہاں پر کھڑا ہے اور اس کے بعد ایک اچھا نیا موسم، نیا سورج طلوع ہوگا، ان سب چیزوں کا واضح ہوجانا، حجت کا پورا ہوجانا ضرور ہے اور حجت پوری ہونے جارہی ہے‘۔