جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ قائد اعظم کے مزار کو پیپلز پارٹی سے بچانا ہے یہ اسے بھی بیچنا چاہتے ہیں۔
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے نکالی گئی جماعت اسلامی کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ فلسطینی اور کشمیری عوام ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، آج کشمیر سے پاکستان آنے والے دریا خون آلود ہیں، کشمیر اور فلسطین کی آزادی کیلئے آخری سانس تک جدوجہد کریں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ عالم اسلام کے حکمران سو رہے ہیں، کوئی ایک تو ان میں صلاح الدین ایوبی ہوتا، آج ہمارے کشمیری اور فلسطینی بھائی غلامی کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہیں۔
یوم یکجہتی کشمیر آج: پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت کا حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
ان کا کہنا تھا کہ کشمیری کہتے ہیں ہم پاکستان کے ساتھ ہیں، آج کا جلسہ فلسطین اور کشمیر کے ساتھ نئی یکجہتی کا اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو جذبہ خواتین میں ہے کاش یہ جذبہ پاکستان کی قیادت میں ہوتا، 76 سال سے فلسطین اور کشمیر کے عوام آزادی کیلئے ترس رہے ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ بلاول کہتا ہے میں آؤں گا تو اشرافیہ کو ختم کر دوں گا، اشرافیہ تو بلاول کے ابو کا نام ہے کیا تم اپنے والد کو ختم کرو گے؟
انہوں نے مزید کہا کہ ان لوگوں کے کتے اور بلیاں فرانس سے درآمد شدہ خوراک کھاتے ہیں، بلاول پہلے روٹی کپڑا اور مکان جبکہ نواز قرض اتارو ملک سنوارو کا حساب دے۔