Aaj Logo

شائع 04 فروری 2024 06:39pm

’اصل مردانگی‘ پر بھارتی مسلم سیاسی جماعت کے سربراہ کا بیان وائرل

بھارت کی سیاسی جماعت ”آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین“ (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اور رکن پارلیمان اسد الدین اویسی کا ”اصل مردانگی“ کے حوالے سے ایک بیان سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔

بھارت میں ایک جلسے سی خطاب کرتے ہوئے اسد الدین اویسی نے اسلام میں مردانگی اور میاں بیوی کے رشتوں کے بارے میں بات کی۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ کی بیوی غصہ کرے یا چیخے تو آپ اسے برداشت کر لیں، یہی اصل مردانگی ہے۔

اسد الدین اویسی نے کہا کہ مردوں کو اپنی بیویوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنا چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں یہ بات کئی بار کہہ چکا ہوں۔ بہت سے لوگ میری باتوں سے پریشان ہیں۔ قرآن یہ نہیں کہتا کہ بیوی کو آپ کے کپڑے دھونے چاہئیں یا آپ لیے کھانا بنانا چاہئے یا آپ کے سر کی مالش کرنی چاہیے یا پھر جھاڑو دینا چاہیے۔ حقیقت میں (قرآن) یہ کہتا ہے کہ بیوی کی کمائی پر شوہر کا کوئی حق نہیں ہے لیکن بیوی کا شوہر کی کمائی پر حق ہے، کیونکہ اس کو آپ کا گھر چلانا ہے‘۔

اسد الدین اویسی نے کہا، ’میرے بھائیوں، یہ اسلام ہے۔ یہ (کہیں بھی لکھا ہوا) نہیں ہے کہ بیوی پر ہاتھ اٹھائیں یا ظلم کریں۔ اگر آپ پیغمبر اسلام ﷺ کو سچا مانتے ہیں تو مجھے بتائیں کہ انہوں نے اپنی بیوی پر کبھی ہاتھ اٹھایا یا مارا ہے؟ پھر بھی کئی لوگ ایسے ہیں جو اپنی بیویوں کی تنقید کرتے ہیں یا پھر ان کے کھانے میں نقص نکالنے کو اپنی مردانگی سمجھتے ہیں‘۔

اسد الدین اویسی نے کہا کہ بلاوجہ اپنی بیوی پر غصہ نکالنے یا اس سپر تنقید کرنے میں کوئی مردانگی نہیں ہے، اس کے غصے کو برداشت کرنا ہی مردانگی ہے۔

اپنی تقریر کے دوران انہوں نے پیغمبر اسلام ﷺ کا ایک قصہ بھی سنایا کہ کیسے ان سے شیطان ڈرتا تھا، لیکن پھر بھی وہ اپنی اہلیہ کی عزت کرتے تھے۔

سوشل میڈیا پر اسد الدین اویسی کا یہ ویڈیو کلپ وائرل ہوا تو مسلمانوں کے ساتھ ساتھ ہندوؤں نے بھی ان کی بات سے اتفاق کیا۔

Read Comments