امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی نے کئی کئی سال حکومت کی، انہوں نےعوام کو غربت، مہنگائی اور کرپشن کا تحفہ دیا۔
راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسے سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ 8 فروری پاکستان میں کرپشن کے خاتمے کا دن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا نے چاند پر قدم رکھ لیا ہے اور ہم دو خاندانوں کی سیاست میں پس رہے ہیں، 8 فروری کو ان کی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ختم کرنا ہو گا
انھوں نے کہا کہ قوم کی جیب پر ڈاکا ڈالنے کی سیاست کا خاتمہ ہونا چاہیے، پاکستان دنیا میں ایک تماشا بن چکا ہے۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے مسائل حل کرے گی اور ملک کو درست سمت پر گامزن کرے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے سوال اٹھایا کہ حکمرانوں نے کشمیر کی آزادی کے لیے کیا کیا، عافیہ صدیقی کو واپس لانے کے لیے کیا اقدامات کیے۔ فلسطین کے حق میں ہمارے حکمرانوں نے ایک لفظ تک نہیں بولا۔
انھوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن امریکی خوف کی وجہ سے خاموش رہے، ممتاز قادری کو کس کی حکومت میں پھانسی چڑھایا گیا، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں کو امریکی ریمنڈ ڈیوس کو رہا کیا تھا اور اپنے لوگوں کو امریکا کے حوالے کیا تھا۔