پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا کا کہنا ہے کہ عطا تارڑ اور ان کے لوگ اب ہمارے کسی دفتر آئے تو انہیں جواب دیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا اللہ تارڑ کی جانب سے پیپلز پارٹی کے دفتر پر میڈیا سمیت چھاپے اور پیسوں کے عوض ووٹ خریدے جانے کا بھانڈا پھوڑنے کے بعد لاہور میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی۔
پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے اس پریس کانفرنس میں کہا کہ مسلم لیگ ن کی غنڈہ گردی ہم برداشت کر رہے ہیں، سندھ میں آپ کی کوئی لیڈر شپ کھڑی ہی نہیں ہوئی۔
شہلا رضا نے کہا کہ این اے 127 میں دیوار پر لکھی شکست عطا تارڑ کو نظر آگئی ہے، عطا تارڑ پارلیمنٹ میں گندے اشاروں کی وجہ سے مشہور ہے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دینے والے نوٹ کو عزت دے رہے ہیں۔
شہلا رضا نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آج سے ہم تیار ہیں، اب جیالے ان کا راستہ روکیں گے، عطا تارڑ یا ان کے لوگ آکر دکھائیں، ہم چاہتے ہیں کہ ن لیگ کی غنڈہ گردی پر ایف آئی آر ہو۔
اس موقع پر پی پی رہنما ذوالفقار بدر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اس واقعے کا نوٹس لینا چاہیے، این اے 127 سے بلاول بھٹو جیت چکےہیں، عطا تارڑ اور ان کے غنڈوں کا کیا کام تھا کہ پیپلز پارٹی کے دفترمیں آتے، انہوں نے پیپلز پارٹی کے کارکنان کو اغوا کیا۔