Aaj Logo

شائع 03 فروری 2024 07:22pm

الیکشن کی ڈیوٹی سے غیر حاضر طبی عملے کے وارنٹ گرفتاری پر وزیر صحت برہم

نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے الیکشن کی ڈیوٹی سے غیر حاضر طبی عملے کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کے دن طبی عملے کی کمی ہوئی تو الیکشن کمیشن ذمہ دار ہوگا۔

ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کہا کہ اسپتالوں میں پہلے ہی 60 فیصد عملے کی کمی کا سامنا ہے، الیکشن والے دن اگر کچھ ہوا تو ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہوگی، ڈاکٹرز کے وارنٹ گرفتاری واپس کئے جائیں۔

انھوں نے کہا کہ الیکشن کے دن اسپتالوں میں عملے کی کمی کیسے پوری کریں گے، الیکشن کمیشن کو انتخابی عملے کی کیا ضرورت ہے۔

صوبائی وزیر ڈاکٹرسعد نے کہا کہ الیکشن کے لئے انتخابی خدمات کے دیگر شعبوں سے مدد لی جائے۔

سعد خالد نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے پہلے بھی طبی عملے کو تعینات نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل کراچی میں الیکشن ڈیوٹی پر حاضر نہ ہونے والے محکمہ صحت کے 267 ملازمین کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔

کراچی کے پی سی 110 کے ریٹرننگ افسر نے محکمہ صحت کے ڈیوٹی پر حاضر نہ ہونے والے ملازمین کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے، غیر حاضر ملازمین میں خواتین بھی شامل ہیں۔

ریٹرننگ افسر محمد حیات نے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ایس ایس پی جنوبی/ سٹی کو احکامات جاری کیے تھے کہ ملازمین قومی ذمہ داری کی ادائیگی سے گریزاں ہیں، ان ملازمین کو گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔

Read Comments