Aaj Logo

اپ ڈیٹ 03 فروری 2024 02:34pm

یقین دلاتے ہیں الیکشن پرامن ہوں گے، مرتضیٰ سولنگی

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات میں 4 دن باقی ہیں، پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی جمہوریت ہے، ملک میں جمہوریت کا تسلسل جاری ہے۔

اسلام آباد میں وزارت داخلہ، الیکشن کمیشن کے سیکرٹریز، ترجمان دفتر خارجہ اور پی آئی او کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیراطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا کہ الیکشن میں 4 روز باقی ہیں، انتخابات کے حوالے سے انتظام مکمل کرلیے گئے ہیں۔

مرتضی سولنگی نے کہا کہ پاکستان دنیا کی 5 ویں بڑی جمہوریت ہے، انتخابات کے لیے سیکیورٹی کو 3 حصوں میں تقسیم کیا ہے، پولیس سب سے پہلے سیکیورٹی کے فرائض انجام دے گی، دوسرے حصے میں ایف سی، رینجرز سیکیورٹی انجام دیں گے، تیسرے حصے میں پاک فوج کوئیک رسپانس پر ہوگی۔

نگراں وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ شفاف الیکشن کے لیے وافر وسائل موجود ہیں، 20 لاکھ خواتین ووٹرز کا اضافہ ہوا ہے، 12 کروڑ عوام حق رائے دہی استعمال کریں گے, عدالتیں آزاد ہیں نگراں حکومت انہیں کنٹرول نہیں کرسکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے، 2008 اور 2013 میں دہشت گردی تھی، طالبان کے کابل میں حکومت سنبھالنے پر دہشت گردی میں اضافہ ہوا، القاعدہ اورٹی ٹی پی افغانستان کو محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ یقین دلاتے ہیں الیکشن پرامن ہوں گے، ہم آزاد ملک ہیں تنقید کا حق ہے، عدالتوں اور نگراں حکومت پر تنقید کا حق ہے، قومی کی 266 نشستوں پر الیکشن ہیں۔

Read Comments