راحت فتح علی خان نے ملازم پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونےپر کی جانے والی تنقید اورویڈیو کے نتیجے میں برٹش ایشیا ٹرسٹ کی نمائندگی چھننے کے بعد معافی مانگ لی ہے۔
گلوکار نے ایک پوڈکاسٹ شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے حالیہ تنازع سے متعلق گفتگو بھی کی۔
راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ ’میں خود اعتراف کررہا ہوں کہ میں نے اپنے طالب علم کو ڈانٹا ہے۔ میں نے اسے مارا پیٹا بھی تھا لیکن میں نے اپنی غلطی کا احساس ہونے کے فوراً بعد معافی بھی مانگ لی ہے‘۔
راحت فتح علی خان نے اپنے ملازم سے متعلق کہا کہ ’میں نے اپنے طالب علموں خاص طور پر نوید کےساتھ والد کا کردار ادا کیا جو میرے کافی قریب ہیں کیونکہ ان کے والد نصرت فتح علی خان اور ان کی فیملی کے ساتھ 40 سال سے زیادہ عرصے سے کام کر رہے ہیں‘۔
گلوکار نے دعویٰ کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’میں نوید کے والد اور ان کی بیٹیوں کی فیملی ممبر کی طرح دیکھ بھال کرتا ہوں۔ میں نہیں چاہتا کہ میڈیا میرے فلاحی کاموں کے بارے میں بات کرے کیونکہ میں نے کبھی پروموشن کے لیے ایسا نہیں کیا‘۔
ویڈیومیں ملازم سے استفسار کی جانے والی بوتل سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ’میں جس بوتل کی بات ک رہا تھا وہ مقدس پانی (دم والا پانی) کی تھی جو مجھے اپنے پیر صاحب سے ملی تھی‘۔
راحت فتح علی خان نے اس کے بعد ایک ویڈیو بیان بھی جاری کیا جس میں انہوں نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ’میں اپنے اہلِ خانہ، دوستوں اور اپنے مداحوں سے معافی مانگتا ہوں۔ میں مستقبل میں ایسی غلطی کبھی نہیں کروں گا۔ یہ ویڈیو نو ماہ پرانی ہے، میں ان لوگوں کو جانتا ہوں جو اس کے پیچھے ہیں، وہ مجھے بدنام کر رہے ہیں۔ میں سب سے معافی مانگتا ہوں۔ میں اپنے رویے پر شرمندہ ہوں۔ میں ان لوگوں کا احترام کرتا ہوں جنہوں نے میرا بائیکاٹ کیا، انہوں نے وہی کیا جو انہیں صحیح لگا۔ یہ میرے سیکھنے کے لئے ہے۔ میں گاتا رہوں گا۔ میں مستقبل میں ایسا کچھ نہیں کروں گا‘۔
چند روز قبل سوشل میڈیا پر راحت فتح علی کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں انہیں اپنے ملازم پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ راحت فتح علی خان اپنے ملازم سے کسی بوتل سے متعلق استفسارکررہے ہیں، جب ملازم نے لاعلمی کا اظہار کیا تو راحت فتح نے ملازم پر تشدد کرنا شروع کردیا۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد تنقید کا نشانہ بننے والے راحت فتح علی کی جانب سے وضاحت بھی پیش کی گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو ایک استاد اور شاگرد کے آپس کے معاملے کی بات ہے۔
راحت فتح علی خان پاکستان کے مشہور کلاسیکی گلوکار ہیں جنہوں نے مشہور گانوں، غزلوں اور قوالیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی ہے۔