متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) اور جمعیت علماء اسلام (جے یوآئی) کے درمیان کراچی میں مختلف تشستوں پر اتحاد ہوگیا۔
کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس میں ایم کیوایم کے رہنما رؤف صدیقی نے کہا کہ جے یو آئی (ف) کے امیدواران آج ہمارے حق میں دستبردار ہورہے ہیں، ایم کیو ایم پاکستان اور جے یو آئی (ف) دو جان ایک قالب ہیں۔
رؤف صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم ہمیشہ سے مولانا فضل الرحمان اور جمعیت علماء اسلام کی حمایت کرتی رہی ہے، ہمارا اور جمعیت علماء اسلام کا سیاسی سفر جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جے یو آئی نے ایم کیو ایم کی انتخابی مہم میں ایک اہم فیصلہ کیا ہے، پی ایس 104 سے جے یو آئی کے مولانا سمیع ایم کیو ایم کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہو رہے ہیں۔
عبدالرؤف صدیقی نے کہا کہ پی ایس 103 سے جے یو آئی کے امیدوار جمال خان کاکڑ، پی ایس 101 سے جے یو آئی کے مولانا عبدالسلام اور این اے 237 سے جے یو آئی کے احسان اللّٰہ ان حلقوں میں ایم کیو ایم کے امیدواروں کے حق میں دستبردار ہوئے ہیں۔
ایم کیو ایم کے رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان جے یو آیی کے اس فیصلے کو ہمیشہ یاد رکھے گی، یہ اتحاد مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
اس موقع پر موجود جے یو آئی کے رہنما مولانا غیاث نے کہا جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمان کی ہدایت پر فیصلے کرتی ہے۔ جے یو آئی ایم کیو ایم، جی ڈی اے و دیگر جماعتوں کے ساتھ ملکر اتحاد بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے امیدوار ایم کیو ایم کے امیدواروں کے حق میں دستبردار ہو رہے ہیں۔ دستبرداری کا اعلان مولانا فضل الرحمان کے احکامات کی روشنی میں کیا۔
مولانا غیاث نے کہا این اے 237 سے جے یو آئی کے احسان اللّٰہ ہزاروی عبدالرؤف صدیقی کے حق میں دستبردار ہو رہے ہیں۔ یہ اتحاد آنے والے الیکشن میں بہترین ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے متعلق دونوں جماعتوں میں مشاورت جاری تھی۔