Aaj Logo

اپ ڈیٹ 31 جنوری 2024 07:01pm

9 مئی ہنگامہ آرائی کیس: عدالت کا حلیم عادل شیخ کو رہا کرنے کا حکم

کراچی کی مقامی عدالت نے 9 مئی کو ہنگامہ آرائی کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

سٹی کورٹ میں 9 مئی کو ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے کیس کی سماعت ہوئی، پولیس نے پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ کو بے قصور قرار دے دیا۔

پولیس نے حلیم عادل شیخ سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جس میں پولیس نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران حلیم عادل شیخ کے خلاف ثبوت اور شواہد نہیں مل سکے ہیں، وہ بے قصور ہیں۔

عدالت نے حلیم عادل شیخ کو مقدمے سے ڈسچارج کردیا اور پی ٹی آئی رہنما کو 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

کراچی کی مقامی عدالت نے جیل حکام کو حلیم عادل شیخ کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 173 کے تحت رہا کرنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ حلیم عادل شیخ کسی دوسرے مقدمہ میں مطلوب نہیں ہیں تو انہیں رہا کیا جائے۔

یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ عزیز بھٹی میں مقدمہ درج ہے، حلیم عادل شیخ کو تھانہ عزیز بھٹی میں درج مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا۔

Read Comments