دفتر خارجہ پاکستان کا کہنا ہے کہ ایران میں نگزشتہ دنوں مارے گئے نو شہریوں کی لاشیں آج تفتان بارڈر سے ہوائی جہاز کے ذریعے ملتان پہنچائی جائیں گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ ’اللہ ان کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ ہمارے خیالات اور دعائیں ان کے پیاروں کے ساتھ ہیں‘۔
27 جنوری کو نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی سرحد کے قریب جنوب مشرقی ایران میں نو پاکستانی شہریوں کو گولیاں مار کر قتل کردیا تھا۔ کسی فرد یا گروہ نے فائرنگ کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی۔
مارے گئے پاکستانی مزدور تھے جو گاڑیوں کی مرمت کی دکان پر رہتے تھے اور وہاں کام کرتے تھے۔
فائرنگ کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایران کے سرکاری میڈیا نے کہا کہ پاکستانی اور ایرانی سفراء واپس بلائے جانے کے بعد اپنی پوسٹنگ پر واپس آگئے ہیں، جو کہ گزشتہ ہفتے ایران اور پاکستان کے ایک دوسرے پر حملوں کے بعد اپنے اپنے مملاک چلے گئے تھے۔
پاکستان میں ایرانی ایلچی نے اپنے بیان میں ایران میں پاکستانی مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تہران اور اسلام آباد دونوں ملکوں کے تعلقات کو نقصان پہنچانا برداشت نہیں کریں گے۔
ایرانی سفیر نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران اور پاکستان دشمنوں کو برادرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔