Aaj Logo

شائع 31 جنوری 2024 12:07pm

’نومیکا کے انکار کے بعد ۔۔۔‘ اشفاق ستی نے تیسری شادی کی وجہ بتادی

Welcome

نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے اینکر پرسن اشفاق اسحٰق ستی نے اہلیہ کی جانب سے عائد کیے جانے والے گھریلو تشدد کے الزامات کے بعد تین شادیاں کرنے کی وجہ بتائی ہے۔

گزشتہ روز اشفاق اسحٰق ستی نے نیو ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے اپنی دوسری اہلیہ نومیکا طاہر محمود سے تنازع سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اپنی نجی زندگی سے متعلق چند حقائق سے پردہ اٹھایا۔

اشفاق اسحٰق نے اپنی پہلی اہلیہ سے علیحدگی سے متعلق کہا کہ ’میری پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی۔ میری پہلی شادی سے تین بچے تھے، جن کی دیکھ بھال کیلئے مجھے دوسری شادی کرنی پڑی۔ نومیکا نے پہلے بچوں کی ذمہ داری لینے کی بات کی لیکن بعد ازاں وہ مکر گئی تھیں‘۔

ان کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ ’نومیکا اور میری شادی کو ساڑھے تین سال ہوچکے ہیں اور ہمارا دو سالہ بیٹا بھی ہے۔ شادی کے بعد نومیکا نے میرے تینوں بچوں کو سنبھالنے سے جب انکار کیا تو مجھے تیسری شادی کرنی پڑگئی تھی‘۔

اشفاق اسحٰق ستی کے مطابق انہوں نے تیسری شادی ساتھی اینکرزارا انصاری سے کی ہے اور ہمارا ایک ڈیڑھ سال کا بیٹا بھی ہے۔

اشفاق اسحٰق ستی نے انکشاف کرتے ہوئے مزید بتایا کہ ’بچوں کی وجہ سے میں نے تیسری شادی کی لیکن جیسے ہی میری تیسری شادی ہوئی نومیکا پھر سے بچوں کی ذمہ داری لینے پر بضد ہوگئیں‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر وہ نومیکا پر تشدد کررہے ہوتے تو وہ بہت پہلے ہی ان کو چھوڑ کر جاچکی ہوتیں۔ اہلیہ پر تشدد کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اینکر نے نومیکا کے ذہنی مسائل کا بھی دعویٰ کیا۔

انہوں نے دورانِ انٹرویو رابعہ انعم اور جبران ناصر سے بھی مایوسی کا اظہار کیا۔

اشفاق اسحٰق ستی پر ان کی دوسری اہلیہ نومیکا نے بدترین تشدد اور جان سے مارنے کی کوشش جیسے الزامات عائد کیے تھے۔

چینل انتظامیہ نے ان الزامات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ان کو نوکری سے معطل کردیا تھا۔ جس کے بعد اینکر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنا مؤقف پیش کیا تھا۔

Read Comments