توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 14 ، 14 سال قید اور 10 سال کی نااہلی کی سزا سنائے جانے کو پی ٹی آئی نے ’کینگرو ٹرائل‘ قرار دے دیا۔
احتساب عدالت کی جانب سے سنائی جانے والی اس سزا پر ردعمل میں پی ٹی آئی نے کہا ہے، ’جس طرح سزا سنائی گئی ہے، یہ ہماری عدلیہ پر ایک بڑا سوال ہے۔‘
پی ٹی آئی کے مطابق ٹرائل کورٹ نے سائفر اور توشہ خانہ مقدمات میں قانون کی کوئی پرواہ نہیں کی ، ہائیکورٹ میں یہ قابل شرم ٹرائل کوڑے دان کی نظر ہو جائے گا۔
ایکس ہینڈل پر ٹویٹ میں پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان میں دو روز کے دوران قانون کے چھیتڑے اڑا دیے گئے ہیں۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی ایک بار پھر کینگرو ٹرائل سے گزرے ہیں، جس میں انہیں حق دفاع نہیں دیا گیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ سائفر کی طرح یہ مقدمہ بھی اعلیٰ عدلیہ میں برقرار نہیں رہ سکے گا۔ یہ قانون کی سراسر بے توقیری اور مذاق اڑائے جانے کے مترادف ہے۔