Aaj Logo

شائع 30 جنوری 2024 03:51pm

اسٹیٹ بینک نے نئے نوٹ ڈیزائن کرنے کیلئے مقابلے کا اعلان کردیا

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے بینک نوٹوں کی سیریز ڈیزائن اکرنے کے عمل کا آغازکردیا، یہ آغاز پرنٹنگ مشینوں سے قبل تخلیقی اذہان رکھنے والوں کو موقع دیتے ہوئے کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے آفیشل ایکس ہینڈل پر کی جانے والی پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ہر15سے20 سال بعد نوٹوں کی نئی سیریزمتعارف کروانا مرکزی بینکوں کا عمل ہے۔

نئی بینک نوٹ سیریز ڈیزائن کرنے کے لیے آرٹ مقابلے کا اعلان کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فنکار،ڈیزائنرزاورطالب علم اپنےڈیزائن 11مارچ تک اسٹیٹ بینک بھیج سکتے ہیں۔

مرکزی بینک کے مطابق تمام مالیت کے 7 نوٹوں ( 10، 20، 50 ، 100، 500 ، 1000 اور 5000) کے لیے3 ٹاپ ڈیزائنز کو تسلیم کیا جائے گا۔

منتخب کیے جانے والے ڈیزائنز حتمی منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو پیش کیے جائیں گے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق عام طور پر ایک نئی بینک نوٹ سیریز شروع کرنے میں 2 سے 3 سال لگتے ہیں اور مرکزی بینک آئندہ 2 سال میں اس عمل کو مکمل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

صارفین کے لیے مزید بتایا گیا ہے کہ نئی سیریز کے اجرا کے بعد بھی موجودہ بینک نوٹ گردش میں رہیں گے، موجودہ سیریز کو گردش سے نکالنے کافیصلہ مرحلہ وار لیا جائے گا۔

Read Comments