Aaj Logo

شائع 30 جنوری 2024 02:25pm

شادی یادگار بنانے کیلئے دُولہا دُلہن خود کو آگ لگا بیٹھے

شادیاں یادگار بنانے کے ٹرینڈ نے نئے جوڑوں کو اپنی سلامتی سے بھی بے نیاز کردیا ہے، ایسے ہی ایک جوشیلے دولہا دلہن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہےجس نے اپنی شادی یادگار بنانے کے لیے خود کو آگ لگا لی۔

آگ کی لپیٹ میں آنے والے نوبیاہتا جوڑے کا کلپ انٹرنیٹ پر وائرل ہے جس نے خطرناک اسٹنٹ سے مہمانوں اور سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا۔

نوبیاہتا جوڑے گیبے جیسوپ اور ایمبیر بامبیر نے جان بوجھ کر خود کو آگ لگائی اور روایتی تقریب کو ناقابلِ فراموش تماشے میں تبدیل کردیا۔

فلم انڈسٹری میں اسٹنٹ ڈبلز کے طور پر کام کرنے والے اس جوڑے کا مقصد اپنی زندگی کے اس خاص دن پر اآتشیں موڑ شامل کرکے مشترکہ کیریئر کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔

ویڈیو میں جوڑے کو جرأت مندانہ اسٹنٹ کرتے ہوئے ہاتھ میں ہاتھ تھامے چلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ جوڑا پہلے ہاتھ میں پھولوں کا گلدستہ لیے چل رہا ہوتا ہے اور اچانک دونوں کی پُشت پر تیزی سے آگ بھڑک اٹھتی ہے۔

اس ویڈیو پر صارفین نے خاصی حیرانگی کا اظہار کیا ہے اور کئی متجسس صارفین اس جوڑے کے بالوں پر آگ نہ لگنے کی وجہ سے الجھن کا شکاردکھائی دیے۔

کئی منچلے صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ، ’آگ لگے بستی میں، دلہا دلہن اپنی مستی میں۔‘

Read Comments