Aaj Logo

اپ ڈیٹ 30 جنوری 2024 01:19pm

سزاؤں کے خلاف کل ہی اپیل دائر کر دی جائے گی، علی ظفر

پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی سزاؤں کے خلاف کل ہی اپیل دائر کر دی جائے گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر کا کہنا تھا کہ اگر فیصلے کی کاپی مل جاتی ہے تو کل ہی اس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کردی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس کیس میں انصاف کے تقاضوں کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ وکلاء کو ایک روز پہلے کیس فائل دی گئی، انہوں نے چھوٹی سی جرح کی۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل فائل کی تھی کہ خدشہ ہے سزا آج سنا دی جائے گی اسے روکا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جتنے بھی دستاویزات تھے اس سے ظاہر ہورہا تھا کہ یہ ٹرائل نہیں تھا، انصاف نظام کے ساتھ مذاق تھا، انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے بلکہ ان کی دھجیاں اڑادی گئی ہیں۔

علی ظفر نے کہا کہ کیس ٹھیک چل رہا تھا، اوپن ٹرائل نہیں ہورہا تھا، چار پانچ دنوں میں انصاف اور قانون کے تقاضوں کو رد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ مس ٹرائل ہے، آرٹیکل 10 اے کی خلاف ورزی ہے، سزاتب ہوتی ہے جب جرم ثابت ہو، یہاں تو ٹرائل ہی نہیں ہوا، سزا کم تب ہوتی ہے جب اعتراف ہو کہ جرم کیا ہے سزا کم کی جائے۔

Read Comments