نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ مچھ حملے میں پانچ دہشتگردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں جان اچکزئی نے لکھا کہ ’بلوچستان کے علاقے مچھ میں کلیئرنس آپریشن کے بعد ایک دہشت گرد کی لاش برآمد ہوئی ہے، اور بھی بہت ہیں۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق پانچ دہشت گردوں کو ختم کر دیا گیا ہے‘۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مارے گئے دہشتگرد کی تصویر بھی شئیر کی۔
اپنے ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’ہم پاکستانی آرمی اور ایف سی بلوچستان کی جانب سے مچھ میں ایک دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنانے کے لیے کیے جانے والے فوری اقدام کو سراہتے ہیں۔ جنوں نے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے بی ایل اے کے پانچ دہشت گردوں کو ختم کر دیا‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ہماری مسلح افواج کی جانب سے جانوں کے تحفظ میں جس جرات اور لگن کا مظاہرہ کیا گیا وہ واقعی قابل تعریف ہے‘۔
اس ٹوئٹ کے ساتھ جان اچکزئی نے ’لاپتہ افراد کی تازہ ترین فہرست‘ بھی لکھا۔
واضح رہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق اور ایک بچے سمیت 4 افراد زخمی ہوئے تھے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد مارے گئے تھے۔