Aaj Logo

شائع 29 جنوری 2024 06:42pm

سندھ ہائیکورٹ کا بینرز اور جھنڈے آویزاں کرنے پر مقدمات درج کرنے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ نے سرکاری املاک پر سیاسی بینرز، جھنڈے اور اشتہارات پر متعلقہ سیاسی رہنماؤں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس نفیم اختر کے روبرو سرکاری املاک پر سیاسی اشتہارات لگانے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی جس کے دوران عدالت نے میئر کراچی سے استفسار کیا کہ آپ بتائیں کس قانون کے تحت آپ نے اشتہارات لگانے کی اجازت دی؟ اگر ٹاؤنز آپ کے دائرہ اختیار میں مداخلت کریں تو آپ کارروائی کیوں نہیں کرسکتے؟

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ لوکل گورنمنٹ بورڈ میں یہ معاملہ اٹھایا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ نے سرکاری املاک پر سیاسی بینرز، جھنڈے اور اشتہارات لگانے کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم دے دیا جبکہ سیاسی بینرز اور جھنڈے لگانے والے سیاسی رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم برقرار رکھا۔

عدالت نے کہا کہ اشتہار لگانے والی کمپنیوں کے سی ای اوز کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے۔

عدالت عالیہ نے کے ایم سی اور دیگر کو آئندہ سماعت پر کارروائی کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت 6 فروری تک ملتوی کردی گئی۔

میئر کراچی نے عدالت سے باہر میڈیا کو بتایا کہ کام کرنا کے ایم سی کا حق ہے اس لیے اسے کام کرنے دیا جائے، جن لوگوں نے اپنی تشہیر کے لیے تصاویر لگائی ہوئی ہیں ہٹادیں، میری بھی اگر کہیں تصویر لگی ہوئی تو میرے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان اس اپوزیشن میں ہیں اس لیے وہ اپنی تصاویر لگوا رہے ہیں، کے ایم سی قانون کے مطابق کام کررہی ہے، عدالت نے غیر قانونی طور پر لگائے بل بورڈزکے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔

Read Comments