لاہور ہائیکورٹ نے خاور مانیکا اور بشریٰ بی بی کی طلاق کی دستاویزات کا ریکارڈ لینے کی اپیل خارج کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چوہدری اور جسٹس محمد وحید خان پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کرنا تھی، اپیل شہری آفاق کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔
اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سنگل بینچ نے طلاق کے ریکارڈ کے لیے دائر درخواست کو سنے بغیر خارج کردیا، سنگل بینچ نے میرٹ کی بنیاد پر درخواست پر سماعت نہیں کی، عدالت سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے اور طلاق کا ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دے۔
عدالت نے اپیل کنندہ کی عدم پیروی کی بناء پر اپیل خارج کر دی۔
واضح رہےکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت میں نکاح کے کیس کے ٹرائل پر حکم امتناع میں توسیع کردی ہے اور عدالت نے ٹرائل کورٹ کو گواہوں کے بیانات ریکارڈ نہ کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے عدت میں نکاح کیس کے ٹرائل پر حکم امتناع جاری کرنےکی استدعا مستردکردی تھی۔