آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ انڈر کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔
ہفتہ کو جنوبی افریقا کے شہر ایسٹ لندن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان انڈر نائنٹین ٹیم نے نیوزی لینڈ انڈر نائنٹین ٹیم کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر شاندار کامیابی سمیٹ لی۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 141 رنز کا آسان ہدف دیا، جس کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرزاوپنرز شاہ زیب خان اور شمائل حسین نے عمدہ بیٹنگ کی اور مطلوبہ ہدف 25.2 اوورز میں بڑی آسانی سے حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے شاہ زیب خان نے 80 اور شمائل حسین نے 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ غلط ثابت ہوا، نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 38 اوورز میں صرف 140 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کے بیٹرز پاکستانی بولرز کے سامنے نہ ٹک سکے، لیچ لین اسٹیک پول 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
عرفات منہاس نے شاندار بولنگ کی، 2 میڈن اوورز سمیت 5 اوورز میں 6 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عبید شاہ کے حصے میں بھی 3 وکٹیں آئیں۔
اس کے علاوہ علی اسفند اور محمد ذیشان نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ٹورنامنٹ میں دوسری بار شاہ زیب خان کو شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
گروپ ڈی میں پاکستان 6 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ نیوزی لینڈ دوسرے، نیپال تیسرے اور افغانستان کی ٹیم چوتھے نمبر پر ہے۔
یاد رہے کہ اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 181 رنز اور نیپال کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔