متنازع امتحانی نتائج کے خلاف جماعت اسلامی نے بھی کراچی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن پر دھرنا دے دیا
جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم شہر کو ڈاکوؤں کے حوالے نہیں کریں گے۔
کراچی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے باہر متنازع امتحانی نتائج کے خلاف احتجاج کرنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بورڈ کی انتظامیہ اس مسئلے کو فی الفور حال کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر متنازع امتحانی نتائج کا معاملہ فوری درست نہ کیا گیا تو ہم آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر کا کہنا تھا کہ طلبہ سے کوئی بھی زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی۔ کسی کو قوم کے مستقبل کی کچھ فکر لاحق نہیں۔ ساڑھے تین عشروں میں تعلیم کا نظام مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرٹ کا خاتمہ ہوچکا ہے۔ ایک دور وہ بھی جب تعلیم سمیت ہر شعبے میں صرف اور صرف میرٹ چلتا تھا۔ میں بھی میرٹ کی بنیاد پر شپ اونرز کالج سے پڑھ کر این ای ڈی یونیورسٹی میں گیا تھا۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر کا کہنا تھا کہ بڑے عہدوں پر من پسند افراد کو لاکر بٹھادیا جاتا ہے۔ اس کے نتیجے میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹو قوم کا پیسہ ہڑپ کر رہے ہیں۔