عام انتخابات میں امن و امان بر قرار رکھنے کی غرض سے اسلام آباد کی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں آتش بازی اور اسلحے کی نمائش سمیت مختلف سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی۔
ایڈیشنل ڈپٹی مجسٹریٹ اسلام آباد عبداللہ محمود کی جانب سے دفعہ 144 کے نوٹیفکیشنز بھی جاری کیے گئے ہیں، جن کے مطابق اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے آتش بازی کے سامان کی خرید و فروخت جمع کرنے اور اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی عائد کر دی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ بارودی مواد کے استعمال سے اسٹون کرشنگ سمیت اسپیکر اور ساؤنڈ سسٹم کے بےجا استعمال اور فرقہ واریت پر مبنی تقاریر پر بھی پابندی عائد ہوگی، دارالحکومت کے ریڈ زون سمیت دو اہم شاہراہوں یعنی سری نگر ہائی وے اور جناح ایونیو پر جلسے جلوس پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ریڈ زون میں کسی بھی قسم کے عوامی اجتماع پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، اسی طرح تھرڈ ایونیو، یونیورسٹی روڈ ، اتا ترک ایونیو، نیو شاہراہ سہر وردی، کنونشن سینٹر اور سری نگر ہائی وے پر 5 سے زائد افراد جمع نہیں ہوسکیں گے۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق رف پیپرز، پوسٹر اور بینرز پر قرآنی آیات اور مقدس کلمات کی چھپائی پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، ایک اور نوٹیفکیشن کے تحت وال چاکنگ اور پمفلٹ کی تقسیم پر بھی دفعہ 144 نافذ العمل ہو گی۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کی حدود میں گاڑیوں پر سائرن، ہوٹر اور ایل ای ڈی لائٹس کے استعمال پر بھی پابندی عائد کردی گئی، اسی طرح شہر بھی کی حدود میں کسی مقام پر بھی کھلے عام پیٹرول کی فروخت پر بھی پابندی عائد ہوگی۔