جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کل صبح 11 بجے انٹرمیڈیٹ بورڈ آفس کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کردیا
حافظ نعیم کا کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بات کرو تو لسانی تقسیم پیدا کر دیتے ہیں، کل انٹرمیڈیٹ بورڈ کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا ہے، پہلے سائنس، پھر آرٹس اور اب کامرس کا رزلٹ آیا جس میں 80 فیصد طلبہ فیل ہوئے، میٹرک کے نتائج میں بھی ملتا جلتا نتیجہ آیا، ایم ڈی کیٹ امتحان دو دفعہ ہوئے، پرچہ بھی لیک ہوا، جن بچوں کے میٹرک میں 90 فیصد نتائج تھے انہیں پیپر میں فیل کردیا گیا۔
حافظ نعیم نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کوئی جان بوجھ کر شہر کے جوانوں کو پیچھے کر رہا ہے، حکمران طبقہ کیا یہ چاہتا ہے کہ انہیں اسٹریٹ کرمنلز کے حوالے کر دیا جائے۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سے سوال کیا تو انہوں نے کہا فیل ہوگئے تو کیا کروں احتجاج کس بات کا، وزیراعلیٰ سندھ کی اس بات سے بہت افسوس ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ کل 11 بجے انٹر بورڈ آفس پر دھرنا دے دیں گے، تمام طلبہ مارک شیٹ لے کر وہاں پہنچیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی شہر کے ہر مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھتی ہے، کے الیکٹرک مافیا کے خلاف صرف جماعت اسلامی میدان میں نکلتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام الیکشن میں سب کو مسترد کردیں گے، ہم شہر کا مقدمہ نوجوانوں کے ساتھ مل کر لڑ رہے ہیں۔