Aaj Logo

اپ ڈیٹ 25 جنوری 2024 11:27am

دوران عدت نکاح کیس کی سماعت، خاور مانیکا آج جواب نہ دے سکے

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دوران عدت نکاح کیس سے متعلق بانی تحریک انصاف عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے شکایت کنندہ خاور مانیکا کو نوٹس جاری کر رکھا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے خاور مانیکا سے جواب طلب کیا ہوا ہے۔

دوران سماعت بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کے وکیل سلماناکرم راجہ عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔

سلمان اکرم راجہ کے معاون وکیل نے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرنے کی استدعا کی۔

خاور مانیکا کے وکیل راجہ رضوان عباسی نے ٹرائل پر حکمِ امتناع ختم کرنے کی استدعا کی اور کہا کہ عدالت نے حکمِ امتناع جاری کر رکھا ہے وہ ختم کر دیا جائے۔

وکیل خاور مانیکا نے کہا کہ ایسے ریلیف لینے کے بعد کوئی عدالت میں نہیں آتا۔

جس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ایسا نہ کہیں اُن کی طرف سے تین تین وکلاء موجود ہیں۔

عدالت نے کیس کی سماعت 31 جنوری تک ملتوی کر دی۔

خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کی دورانِ عدت نکاح کیس میں گواہان کے بیانات قلمبند کرنے سے روکتے ہوئے خاور مانیکا کو 25 جنوری کے لیے نوٹس جاری کیا تھا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل غیر شرعی نکاح کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

Read Comments