متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر ڈپٹی کنوینئر فاروق ستار نے کہا ہے کہ آئینی اداروں کو اندازہ ہورہا ہے، آستین میں کتنے سانپ پلے ہیں، ہمیں کسی سے سیٹنگ نہیں کرنی، اب کراچی سے سیٹنگ ہوگی۔
کراچی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے رہنما ایم کیوایم فاروق ستار نے کہا کہ 8 فروری کو امید کے سفر کا آغاز ہوگا، کچے کے لوگ پکے میں آکر کہہ رہے ہیں کہ ہماری سیٹنگ ہے، اگر کوئی سیٹنگ تھی تو وہ 15 سالوں میں تھی۔
فاروق ستار نے کہا کہ تم نے ساری سیاسی جماعتوں سے کھلواڑ کیا اور دھوکا دیا، مقتدر حلقوں کو اندازہ ہوگیا کراچی کو کاٹیں گے انجام اچھا نہیں ہوگا، ہمیں کسی سے سیٹنگ نہیں کرنی، اب کراچی سے سیٹنگ ہوگی۔
ایم کیو ایم رہنما کا مزید کہنا تھا کہ آئینی اداروں کو اندازہ ہورہا ہے، آستین میں کتنے سانپ پلے ہیں، ہمارے ٹیکسوں کے پیسوں سے جائیدادیں بنائی گئیں، گیس، بجلی اور تیل ہر چیز پر ٹیکس لیا جاتا ہے، ون وے ٹریفک اب ہرگز نہیں چلنے دیں گے۔
فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ وزارت عظمیٰ کا خواب دیکھنا چھوڑ دو، ایم کیوایم نے بائیکاٹ کیا تو تم بلدیاتی انتخاب جیتے، اگر تمہارا کوئی آسرا ہے تو وہ ایم کیو ایم کا بائیکاٹ ہے۔