لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید اور اعظم سواتی سمیت 7 ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا۔
انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے 9 مئی کو راحت بیکری کے باہر جلاؤ گھیراؤ سے متعلق پولیس کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے مقدمے میں نامزد 7 پی ٹی آئی رہنماؤں کو اشتہاری قرار دے دیا جبکہ اشتہاری قرار دیے گئے دیگر ملزمان میں مراد سعید، اعظم خان سواتی، حافظ فرحت عباس ، زبیر نیازی ، واثق قیوم، امتیاز احمد شیخ اور حامد رضا شامل ہیں۔
پولیس نے مزکورہ مقدمے میں مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان نے خود کو روپوش کر رکھا ہے اور تفتیش میں تعاون نہیں کر رہے۔
یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڑ پولیس نے راحت بیکری کے باہر جلاؤ گھیراؤ کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے ووٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں بیماری اور کورونا میں بھی آپ کے ساتھ کھڑی رہی ہوں ووٹ دیتے وقت خیال رکھیں اور صرف ان کے حق میں مہر لگائیں جو آپ کے ساتھ ہیں‘۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ مریم بی بی کہتی ہیں کہ نواز شریف کے دل میں بہت راز ہیں، ہمیں ایک راز بتا دیں کہ ایون فلیڈ ریفرنس کے پیسے کہاں سے آئے؟ ان کا مزید کہنا تھا کہ حدیبیہ پییپر ملز کیس کھولنے سے سب پتہ چل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ’آج میں جیل میں ہوں لیکن اگر باہر ہوتی تو ووٹرز کے گھروں میں جاتی، میں اپنے ووٹرز کو یہی کہوں گی کہ ووٹ پی ٹی آئی کو دیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف 500 افراد لیے سڑکوں پر بھٹک رہے ہیں، پی ٹی آئی نے صحت کارڈ، لنگر خانے اور مسافر خانے بنائے لیکن انہوں نے سب ختم کر دیا۔