کسٹمز انٹیلیجنس نے کارروائی کرتے ہوئے پارکو کی زیرزمین پائپ لائن سے چوری شدہ 65 ہزار لیٹر ڈیزل موقع پر برآمد کرلیا۔
ذرائع کے مطابق برآمد ہونے والے نان ڈیوٹی چوری شدہ ڈیزل کی مالیت 2 کروڑ روپے ہے۔
کسٹمز کو پارکو کے زیرزمین وائٹ پائپ لائن سے منظم انداز میں ڈیزل کی چوری کی اطلاع موصول ہوئی جس پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب پورٹ قاسم میں واقع خوردنی تیل کی مل پر کارروائی کی گئی۔
مل کے احاطے میں ڈیزل چوری کرنے کے لیے 12 سے 15 فٹ گہری اور 174 فٹ لمبی سرنگ کا انکشاف ہوا۔ زیرزمین سرنگ پارکو کی وائٹ پائپ لائن سے منسلک کیا گیا تھا.
چھاپے کے وقت زیرزمین سرنگ سے کنٹینر میں رکھے گئے ٹینک میں ڈیزل چوری ہورہی تھی، نان ڈیوٹی وچوری شدہ ڈیزل برآمد کرکے احاطے کے مالک کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔