پاکستان کرکٹ بورڈ کے الیکشن کمشنر اور سینئر وکیل شاہ خاور نے قائم مقام چیئرمین پی سی بی کا چارج سنبھال لیا۔
شاہ خاور چارج سنبھالنےکیلئے پی سی بی ہیڈکوارٹر پہنچے، جہاں پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، ڈائریکٹرزاور دوسرے سٹاف نے استقبال کیا جبکہ اسٹاف کی جانب سے ایکٹنگ چئیرمین کو پھول پیشے کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق شاہ خاور آج سلمان نصیر سمیت دوسرے حکام سے اہم امورز پر بریفینگ بھی لیں گے۔
شاہ خاور 4 ہفتوں کے اندر اندر الیکشن کرانے کے ساتھ ساتھ کرکٹ بورڈ کے روز مرہ کے معاملات بھی دیکھیں گے، وہ گزشتہ شب اسلام آباد سے لاہور پہنچے تھے۔
اس سے قبل ذکا اشرف کے مستعفی ہونے کے بعد پی سی بی کے آئین کے تحت پی سی بی کی باگ ڈور الیکشن کمشنر شاہ خاور کے ہاتھ میں آگئی تھی۔
پی سی بی آئین کے آرٹیکل 7 کی شک 2 کے مطابق چیئرمین کا عہدہ خالی ہوتے ہی تمام اختیارات چیف الیکشن کمشنر کو منتقل ہوجاتے ہیں اور آئینی طور پر چار ہفتوں کے اندر وہ بورڈ کے الیکشن کا عمل مکمل کرنے کے پابند ہوں گے۔
الیکشن کے بعد منتخب ہونے والے چیئرمین ایک ہفتے کے اندر اپنے عہدے کا چارج سنبھال سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے الیکشن کے لیے سینئر قانون دان شاہ خاور کو کرکٹ بورڈ کا الیکشن کمشنر مقرر کر رکھا ہے۔
قائم مقام چیئرمین شاہ خاور پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف کے استعفے کی منظوری کے بعد بورڈ کے انتخابات تک فرائض سرانجام دیں گے۔
چیئرمین کرکٹ بورڈ کیلئے مصطفٰی رمدے اور محسن نقوی کے درمیان مقابلہ ہو گا، محسن نقوی پی سی بی چیئرمین شپ کے مضبوط امیدوار ہیں۔
قائم مقام چیئرمین الیکشن کمشنر شاہ خاور اب متوقع طور پر ایک ماہ میں بورڈ کے انتخابات کرائیں گے اور بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کا اعلان جلد کریں گے۔