Aaj Logo

شائع 23 جنوری 2024 09:08pm

عمران خان ذہنی بیمار ہیں ان کو کسی چیز کا پتہ نہیں، پرویز خٹک

Welcome

پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے چیئرمین پرویز خٹک نے کہا کہ عمران خان ذہنی بیمار ہیں ان کو کسی چیز کا پتہ نہیں، سابق چیئرمین پی ٹی آئی امیروں سے پیسے کھانے کے بعد انہیں چھوڑ دیتے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو 8 فروری کو سرپرائز دوں گا، آئندہ وزیر اعلیٰ میں ہی ہوں گا۔

پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کی جانب سے خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں واقع مقام چھوٹا لاہور میں پاور شو کیا گیا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے چیئرمین پرویز خٹک نے کہا کہ خیبر پختونخوا اس وقت 150 ارب ڈالر کا مقروض ہے، سب سے زیادہ قرضہ عمران خان نے لیا، ملک دن بدن خراب حالات کی طرف جارہا ہے، اس ملک کو میرے جیسے حکمران کی ضرورت ہے، میں نے ہمیشہ ملک کی اچھائی کے لیے سوچا ہے، میں نے تھانوں کا نظام درست کیا، تعلیمی اداروں کے اساتذہ پر چیک بیلنس کا نظام متعارف کرایا، 18 لاکھ لوگوں کو صحت انصاف کارڈ میرا منصوبہ تھا۔

پرویز خٹک نے کہا کہ صحت کارڈ اور کسان کارڈ اسپتالوں کی اپ گریڈیشن سمیت دیگر تمام ترقیاتی کام میں نے کیے، میں پچھلے 41 سال سے سیاست میں ہوں اور مجھے محکموں سے کام نکالنے کا ہنر آتا ہیں۔

سابق وزیر دفاع نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ذہنی مرض کہہ دیا اور کہا کہ عمران خان ذہنی بیمار ہیں ان کو کسی چیز کا پتہ نہیں، خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ میں نے شروع کیا تھا وہ تو بے خبر تھے، عمران خان صرف امیر لوگوں کے ساتھ تعلق بنا کران کے پیسے کھانے کے بعد چھوڑ دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا اور مرکز میں حکومت میں نے بنائی تھی انہیں تو کچھ پتہ ہی نہیں تھا، خیبرپختونخوا پولیس، سرکاری اسکولز اور پٹواریوں کے لیے اصلاحات کیں، بہت سی اہم شخصیات میرے ساتھ رابطے میں ہیں اور تمام سیاسی جماعتوں کو 8 فروری کو سرپرائز دوں گا، 8 فروری کو میں ہی وزیراعلیٰ بنوں گا اور خیبر پختونخوا میں حکومت پی ٹی آئی پی کی ہوگی۔

سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں ہمیں پختون اور اسلام کے نام پر لوٹا گیا، جو حکمران ملک کو بحرانوں سے نہیں نکال سکتے انہیں حکومت کا کوئی حق نہیں ہے ، میں نے اپنے دور میں مساجد کے اماموں کی تنخواہیں مقرر کیں۔

عمران خان کے حوالے سے سربراہ پی ٹی آئی پی نے مزید کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے نئے پاکستان کے نام پر مجھے بیوقوف بنایا، انہوں نے مجھ پر کوئی احسان نہیں کیا،عمران خان میرے بغیر اقتدار میں نہیں آسکتا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے چیئرمین پرویز خٹک جلسے کے لیے 300 کرسیاں بمشکل بھر سکے۔

جلسے میں ایم پی اے جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی رہنما سردار علی خان نے بھی پرویزخٹک کی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

Read Comments