Aaj Logo

شائع 22 جنوری 2024 07:12pm

پنجاب میں پرامن انتخابات کیلئے آرمی، رینجرز اور پولیس تعینات کی جائے گی، چیف سیکرٹری

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ پنجاب میں پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے آرمی، رینجرز اور پولیس تعینات کی جائے گی، آرمی، رینجرز اور پولیس کے دستے 5 اور 7 فروری کو فلیگ مارچ کریں گے جبکہ دفعہ 144 کے تحت ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش پر یکم سے 12فروری تک پابندی عائد کر دی جائے گی۔

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔

چیف سیکرٹری نے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کیں کہ الیکشن ڈیوٹی کے حوالے سے تربیت کے دوران غیر حاضر پولنگ اسٹاف کے خلاف کارروائی کریں۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد اہم قومی ذمہ داری ہے، مطلوبہ فنڈز مہیا کر دیے گئے ہیں، انتظامات میں کسی قسم کی کمی قابل قبول نہیں ہوگی، ڈپٹی کمشنرز انتخابات کی تیاریوں کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی پلان الیکشن انتظامات کے انتہائی اہم جزو ہیں، ان پر خصوصی توجہ دی جائے، پولنگ سٹیشنز پر تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، شکایات کے ازالے کے لیے کنٹرول رومز کو مزید فعال کیا جائے،انتخابی عمل میں تمام سٹیک ہولڈرز کو بلا تفریق یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔

ضابطہ اخلاق پر پابندی کیلئے بلایا گیا اجلاس ڈی آر اوز کی غیر حاضری پر ہلڑ بازی کا شکار

دوسری جانب گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کی طرف سے ضابطہ اخلاق پر پابندی کے لیے بلایا گیا اجلاس ڈی آر اوز کی غیر حاضری پر ہلڑ بازی کا شکار ہوگیا۔

متعدد پارٹیوں کے امیدواروں نے اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے خلاف متعدد الزامات عائد کردیے۔

امیدواروں کا کہنا تھا کہ ایک تو اجلاس کی ٹائمنگ ایک بجے تھی لیکن ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر تین بجے تک یہاں نہیں پہنچے دوسرا انتظامیہ اور مانیٹرنگ ٹیموں کو ن لیگ کی وائلیشن نظر نہیں آرہی جو ہر حلقے میں ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں۔

جماعت اسلامی، تحریک لبیک پاکستان، پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر آزاد امیدواروں کا کہنا تھا کہ ہمیں تو ضابطہ اخلاق کا درس دینے کے لیے یہاں پر بلالیا گیا ہے لیکن ن لیگی امیدوار جو کھلم کھلا ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں ان کا ایک امیدوار بھی اجلاس میں نہیں آیا۔

بعد ازاں امیدواروں نے ضابطہ اخلاق اجلاس کے دوران شیم شیم کے نعرے لگائے اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا۔

مزید پڑھیں

لیگی سیاستدانوں کو پولنگ کے دن اپنے بچوں پر نظر رکھنے کیہدایت

ایم کیو ایم نے کراچی اور اندرون سندھ میں جلسوں کی تاریخوں کا اعلانکردیا

انتخابی ضابطہِ اخلاق کیخلاف ورزی: متعدد امیدواروں کو جرمانے اور نوٹسزجاری

Read Comments