شوبز کی معروف شخصیت ساجد حسن استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوگئے۔
جہانگیر ترین کی جماعت ”استحکام پاکستان پارٹی“ سندھ نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ”ایکس“ پر ایک مختصر ویڈیو پوسٹ کی ہے۔
ویڈیو میں پارٹی کے صوبائی صدر محمود مولوی اور ساجد حسن کو دیکھا جاسکتا ہے۔ محمود مولوی نے پارٹی پرچم ساجد حسن کے گلے میں ڈالا اور انھیں خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر استحکام پاکستان پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی جونیجو، سید علی حسین نقوی، رضوان خان، مسرت شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ساجد حسن نے کہا کہ مجھے بہت عزت بخشی گئی، آئی پی پی میں آکر مجھے بہت خوشی ہورہی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ تبدیلی اچھی ہو تو اچھی لگتی ہے اور بری ہو تو بہت بری لگتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگوں کیلئے کچھ کرنا چاہتا ہوں، خدمت کے جذبے کے ساتھ آیا ہوں۔
ساجد حسن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے بھی بہت عزت دی تاہم آئی پی پی میں اس لئے آیا کہ اسے بہت ضرورت ہے کہ لوگوں کیلئے کام کرے۔
انھوں نے کہا کہ جھگڑا کسی سے نہیں چاہتے، جس نے بھی پاکستان کیلئے کام کیا اسے سلام پیش کرتا ہوں۔ سب سے گزارش ہے کہ اچھائیوں کو دیکیں بھائی چارے سے آگے بڑھیں، ملک کر پیار سے آگے لے کر چلیں۔