مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ ایک غیر جمہوری شخص کو ملک پر مسلط کیا گیا تھا جو فرح گوگی اور پنکی پیرنی کو لے آیا۔ 2017 میں سازش ہوئی تھی جس میں اسٹیبلشمنٹ بھی شامل تھی۔
جڑانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے نام لیے بغیر بانی پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے، مجھ پر بھی جھوٹا مقدمہ بنایا گیا۔
عمران خان کا نام لیے بغیر انھوں نے مزید کہا کہ اس نے ساڑھے تین پونے چار سال کبھی اپوزیشن لیڈر کی طرف دیکھا نہیں، ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ کردیا۔
انھوں نے کہا کہ مریم نواز کو اس کے والد کے سامنے گرفتار کیا گیا، مریم نواز کو گرفتار کرنا تھا تو کوٹ لکھپت سے رائیونڈ تک کہیں بھی کر سکتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے اسمبلی میں قرآن کو گواہ بنا کر پچیس سالہ سیاست میں منشیات کی پیروکاری سے انکار کیا۔
رانا ثناء نے کہا کہ آج ہم کارکردگی کی بنیاد پر بول رہے ہیں اب بھی ہم ہی عوام کو مشکلات سے نکالیں گے۔ ملک کو لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی کے مسائل سے صرف ن لیگ ہی نجات دلا سکتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ جنہوں نے ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا ہے وہ ہیرو ہیں۔