Aaj Logo

شائع 21 جنوری 2024 10:14am

مشکل حالات میں پھنسے فلسطینی صحافی نے ترک صحافتی ایوارڈ اپنے نام کرلیا

فلسطینی صحافی معتزعزیزہ کو ٹی آر ٹی ورلڈ سیزن ایوارڈ 2024 سے نواز دیا گیا، فوٹو جرنلسٹ معتزعزیزہ نے مواصلات کے شعبے میں ایوارڈ اپنے نام کیا۔

معتزعزیزہ نے تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے غزہ کی تباہ کن اور دردناک صورتِ حال کی حقیقت دنیا کے سامنے پیش کی۔

معتزعزیزہ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ استنبول میں ایوارڈ میں شرکت کرنے کے بجائے میں انٹرنٹ کنکشن حاصل کرنے کی کوشش میں پانی کے کنٹینرز کے اوپر ہوں تاکہ ایوارڈ تقریب کی فوٹیج دیکھ سکوں، میں یہاں اپنی صورتِ حال سے مایوس اور بیزار ہوں، سفری پابندیوں کی وجہ سے میں ایوارڈ کی تقریب میں شرکت نہیں کر سکا۔

سات اکتوبر سے قبل معتزعزیزہ کے سوشل میڈیا پر25 ہزار فالوورز تھے جو اب 18 ملین سے زائد ہوگئے ہیں۔

2017 میں ترکیہ ریڈیو اور ٹیلی ویژن کارپوریشن کی جانب سے مثبت تبدیلی کی تحریک کے لیے شروع کیے گئے اس اقدام نے ایک بار پھر دنیا میں شعور بیدار کرنے والوں کو اجاگر کیا ہے۔

ٹی آر ٹی کے ڈائریکٹر جنرل مہمت زاہد سوباجی کی میزبانی میں منعقد کی گئی ایوارڈ کی تقریب میں ٹی آر ٹی ورلڈ سٹیزن ایوارڈز 5 زمروں “ تعلیم، مواصلات، نوجوان، سال کا عالمی شہری اور لائف ٹائم اچیومنٹ“ میں دیئے گئے۔

سال کے بہترین شہری کا ایوارڈ 7 اکتوبر کو شروع ہوکر 100 سے زائد دنوں سے جاری اسرائیل کے غزہ قتل عام کے دوران خطے میں مشکل حالات میں کام کرنے والے فلسطینی ڈاکٹر ابو سیطح کو عطا کیا گیا۔

Read Comments