Aaj Logo

اپ ڈیٹ 20 جنوری 2024 09:42pm

دمشق میں اسرائیل کا میزائل حملہ، کمانڈر اور ایرانی فوجیوں سمیت 10 افراد ہلاک

شام کے دارالحکومت دمشق میں ایک عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے میں مبینہ طور پر ایران کے پاس دارانِ انقلاب کا کمانڈر مارا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس حملے میں ایران کے پاسداران انقلاب کے چار ارکان سمیت 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اپوزیشن کے ایک وار مانیٹرنگ گروپ دی سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ملبے تلے دبی لاشوں کی بازیابی کے بعد ہلاکتوں کی تعداد چھ سے بڑھ کر 10 ہو گئی ہے۔

اسرائیلی فضائیہ نے دمشق کے علاقے ماذے میں اس عمارت پر میزائل داغے جس میں شامی حکومت کے ایرانی مشیر مقیم تھے۔

مشرق وسطٰی میں ایران کے ایک حمایت یافتہ گروپ سے تعلق کے حامل سرکاری افسر نے بتایا ہے کہ جس عمارت پر حملہ کیا گیا وہ ایرانی پاس دارانِ انقلاب کے افسران کے زیر استعمال تھی۔

بحیرہ احمر میں اور اس کے باہر اسرائیلی تجارتی جہازوں اور اسرائیلی علاقوں کو راکٹوں اور میزائلوں سے نشانہ بنائے جانے پر اسرائیل نے حزب اللہ اور دیگر ایرانی حمایت یافتہ گروپوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔ یمن کی حوثی ملیشیا کو امریکی فوج نے نشانے پر لیا ہے۔

Read Comments