پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مندی کے بادل چھٹ گئے۔ مارکیٹ میں گزشتہ روز کاروبار کا منفی اختتام ہوا تھا۔
کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس 700 پوائنٹس کے اضافے سے 63 ہزار 900 پوائنٹس کی سطح پر پہنچا تھا، تاہم انڈیکس اپنا یہ اضافہ برقرار نہ رکھ سکا۔
کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 79 پوائنٹس کے اضافے سے 63 ہزار 282 پوائنٹس پر بند ہوا۔
جمعرات کو مارکیٹ 350 پوائنٹس کی کمی سے 63 ہزار 202 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔
یہ کمی پاکستان کی جانب سے ایران کے اندر حملے کرنے کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد سامنے آئی تھی۔
ایک بروکریج ہاؤس نے اسے ایران کے حملے کے خلاف پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد بڑھتے ہوئے جیو پولیٹیکل تناؤ سے منسوب کیا تھا۔
دوسری طرف امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی اونچی پرواز کا سلسلہ جاری ہے۔
جمعہ کو انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 8 پیسے کمی آگئی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 279.90 روپے پر بند ہوا۔