پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں مہمند نے کہا کہ عدالت نے تحریک انصاف کی سیاسی حیثیت ختم نہیں کی، ہوسکتا ہے کہ مخصوص نشستوں کامسئلہ بھی نہ ہو جبکہ مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک نے کہا کہ انٹرا پارٹی انتخابات میں قوانین کی بے ضابطگی کی گئی، ن لیگ کی جانب دیکھ کرسوال کیوں کیا جاتا ہے؟ میرے حساب سے بلے کا انتخابی نشان ضرور ہونا چاہیئے۔
آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان بات چیت کے کئی ذرائع ہیں، ایران کی فضائی حدود کی خلاف ورزی حیران کن ہے، ایران کا جوابی بیان کے بعد آپ کیا امید رکھتے ہیں؟۔
مصدق ملک نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت کا پورا حق رکھتا ہے، ایران کی جانب سے غیرذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ 25 سال میں نوازشریف کو ایک الیکشن لڑنے کی اجازت ملی، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر ڈس کوالیفائی کردیا گیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کیا ہم سے پوچھ کر کور کمانڈر کے گھر پر حملہ کیا گیا تھا؟ کیا شہداء کے مجسموں کی بے حرمتی ہم سے پوچھ کر کی؟ بدامنی کی صورتحال پیدا کی گئی تو 9 مئی جیسے قوانین ہوں گے۔
مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ انٹرا پارٹی انتخابات میں قوانین کی بے ضابطگی کی گئی، آپ سپریم کورٹ، الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت سے پوچھیں، ن لیگ کی جانب دیکھ کرسوال کیوں کیا جاتا ہے؟ میرے حساب سے بلے کا انتخابی نشان ضرور ہونا چاہیئے۔
آج نیوز کے پروگرام“ فیصلہ آپ کا “میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں مہمند نے کہا کہ کبھی کبھی احتیاط کو کمزوری بھی سمجھا جاتا ہے، آج ایسے لیڈر کی کمی محسوس ہوئی جو کہتا تھا خوف کے بت توڑو، آج ہماری فوج دنیا کی بہترین فورسز میں سے ایک ہے۔
انتخابات کے حوالے سے ہمایوں مہمند کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پارٹی الیکشن میں مداخلت نہیں کرسکتا، ہمارے دور میں مخالفین پر کوئی کیس نہیں بنایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پلان سی کا علم نہیں، پی ٹی آئی کے امیدوار کامیاب ہوں گے اور حکومت بنائیں گے، عدالت نے تحریک انصاف کی سیاسی حیثیت ختم نہیں کی، ہوسکتا ہے کہ مخصوص نشستوں کامسئلہ بھی نہ ہو۔