Aaj Logo

شائع 17 جنوری 2024 10:27pm

شہباز شریف اور راجہ پرویز شریف کی ایران کی سرحدی خلاف ورزی کی مذمت

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز شریف نے ایران کی سرحد پار کارروائی پر ردعمل دیتے ہوئے سرحدی خلاف ورزی کی مذمت کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے ایک پیغام میں سابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کی سرحد پار کارروائی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی پر حیران ہوں، یہ میزائل حملہ ہماری دوستی کی روح اورہمسائیگی کے اصولوں کے خلاف ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ حملہ پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ تاریخی تعلقات کو نقصان پہنچارہا ہے، دونوں ممالک کے درمیان بات چیت اور تعاون وقت کی ضرورت ہے۔

سابق وزیر اعظم و صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا کہ حملے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتا ہوں۔

راجہ پرویز اشرف کی ایران کی سرحدی خلاف ورزی کی شدید مذمت

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بھی ایران کی پاکستان کی سرحدی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے میزائل حملے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پرگہرے دکھ اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان حدود کی سرحدی خلاف ورزی غیرذمہ دارانہ اور ناقابل قبول فعل ہے، پاکستان کی سرحدی حدود کی خلاف ورزی کسی طور پر قبول نہیں ہے۔

محسن نقوی کی ایران کی پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی شدید مذمت

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھی ایران کی جانب سے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی ہے۔

محسن نقوی نے افسوسناک واقعے میں 2 بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان ایک خود مختار اور آزاد ملک ہے، ایران کی جانب سے ایسی کارروائی بین الاقوامی قوانین کی صریحا خلاف ورزی ہے، ایرانی کارروائی ناقابل برداشت اور ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم ایرانی جارحیت کی مذمت کرتی ہے، پاک فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

Read Comments