متحدہ عرب امارات نے پاکستان کیلئے 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کر دیا ہے۔
یو اے ای کی جانب سے 2 ارب ڈالر کا قرض 1 سال کیلئے مؤخر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے صدر متحدہ عرب امارات کو قرض رول اوور کیلئے خط لکھا تھا۔
یو اے ای سے 2 ارب ڈالر کا قرض 23 جنوری تک میچیور ہو رہا تھا، پاکستان کی طرف سے یو اے ای کو 1 ارب ڈالر پر 3 فیصد اور ایک ارب ڈالر پر 6.5 فیصد منافع ادا کیا جائے گا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنے ”ایکس“ اکاؤنٹ پر یو اے ای کی جانب سے قرض رول اوور کرنے کی تصدیق کردی۔
واضح رہے کہ پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے بھی 70 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط موصول ہوگئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے سلسلے میں 70 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط موصول ہوگئی، پاکستان کو جاری کردہ رقم 1.9 ارب ڈالر ہوگئی۔